لکھنؤ(نامہ نگار)۔سعادت گنج کی ٹاپے والی گلی میں حنا ٹینٹ ہاؤس کے نزدیک رہنے والے پرائیوٹ ڈرائیور اسد علی کا بیٹا دوسالہ یٰسین بدھ کو اپنی ماں اسماء کے ساتھ ایکٹیوا سے کہیں جارہا تھا ۔ اسماء گاڑی چلا رہی تھی اور یٰسین پیچھے بیٹھا تھا ۔ اسماء جب بلوچ پورہ کے نزدیک پہونچی تبھی پیچھے سے تیز رفتار بے قابو وکرم نے ایکٹیوا میں ٹکر ماردی ۔ ٹکر لگنے سے یسین نیچے گرگیا اور وہ وکرم کے پہیہ کی زد میں آگیا جس سے اس کی موقع پر ہی دردناک موت ہو گئی ۔
اس کے علاوہ سروجنی نگر کے شانتی نگر میں رہنے والے رام پرساد دوشنبہ کو اپنی ماں گنگا دیوی اور بیوی رام پیاری کو لے کر رشتہ داری میں جارہا تھا کہ تھانہ کے سامنے سڑک پار کرتے وقت کانپور کی طرف سے آرہی تیز رفتار ماروتی ویگن آر نے گنگا دیوی کو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید طور سے زخمی ہوگئی ۔ انہیں نجی اسپتال
میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی ۔