لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پارہ علاقہ میں اکیس جون کو سڑک حادثہ میں مارے گئے ہشٹری شیٹر کی موٹر سائیکل لیکر بھاگنے والے حجام کو دو شنبہ کو پارہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے ایک ایچ ایف کی موٹر سائیکل کی برآمد کی ہے۔ وہیں چنہٹ اور ٹھاکر گنج پولیس نے بھی دو گاڑی چوروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے پاس سے چوری کی دو موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں۔ ایس او پارہ اشوک یادو نے بتایا کہ گزشتہ اکیس جون کی دیر رات بدھیشور چوراہے کے پاس بنتھرا کے رہنے والے ہشٹری شیٹر عظمت ایک لڑکی کے ساتھ جا رہا تھا اور سڑک حادثہ میں اس کی موت ہو گئی۔ حادثہ میں لڑکی کو بھی شدید چوٹ لگی ۔ واردات کے وقت ڈیوائڈر پر حجام رام شرن باشندہ اناؤ لیٹا ہوا تھا۔ حادثہ کے بعد اس نے خاموشی سے تباہ موٹر سائیکل کو اٹھایا اور لیکر غائب ہو گیا۔
واردات کے بعد جب پولیس نے موٹر سائیکل کی تلاش کی کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ اس معاملہ میں نامعلوم کے خلاف موٹر سائیکل لے جانے کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ پولیس معاملہ کی تفتیش کررہی تھی کہ آج صبح کاکوری موڑ نہر پلیا کے پاس پولیس کو ایک شخص ایچ ایس کی موٹر سائیکل لے جاتا ہوا دکھائی دیا جس کے بعد پولیس نے اس کو گھیر کرپکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کی گئی تو ملزم نے اپنا نام رام شرن باشندہ اناؤبتایا۔ اس نے بتایا کہ واردات کے بعد وہ موٹر سائیکل لیکر فرار ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ چنہٹ پولیس نے بہرائچ ضلع کے رام سکل نشاد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے چوری کی ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ وہیں ٹھاکر گنج پولیس نے بالا گنج کے
پاس گزشتہ رات ہردوئی کے رہنے والے پریم کمار کو گرفتار کر تے ہوئے اس کے پاس سے چوری کی ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔