لکھنؤ(نامہ نگار)۔گوسائیں گنج علاقہ میں تیز رفتار بولیرو گاڑی نے ایک شخص کو ٹکر ماردی ۔زخمی شخص کو لوگوں نے اسپتال لے جانا چاہا لیکن موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی ۔ وہیں دوسری جانب بنتھرا میں بھی موٹر سائیکل سوار نوجوان کو ٹرک نے ٹکر مار دی جس میں اس کی موت ہوگئی۔ حادثہ کی اطلاع پاکر موقع پرپہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔اس کے علاوہ گوسائیں گنج و اٹونجہ میں بھی سڑک حادثوں میں ایک خاتون سمیت دو لوگوں کی موت ہو گئی۔
وہیں کاکوری میں ٹرک و موٹر سائیکل کی ٹکر میں موٹر سائیکل سوار شدیدطور پر زخمی ہوگیا۔ گوسائیں گنج کے قاسم پور کے رہنے والے دنیش نے بتایا کہ بدھ کی شب ایک بولیرو (یوپی ۴۲ٹی ۶۲۰۱)لکھنؤ سے سلطان روڈ کی جانب جارہی تھی ہنومان ورماکے گھر کی جانب سڑک کے کنارے جارہے شخص کو بولیرو نے ٹکر مار دی ۔ ٹکر لگتے ہی وہ دور جاگرا ۔ آس پاس کے لوگوں نے حادثہ ہوتا دیکھ اسے اٹھاکر اسپتال لے جانا چاہا لیکن موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔ لوگوں نے اس بات کی اطلاع پولیس کو دی ۔موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھ
یج دیا۔پولیس نے لوگوں کی مدد سے متوفی کی شناخت کرنا چاہی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی ۔
دوسری جانب بنتھرا کے لیلا کھیڑا کے رہنے والے منگل پرساد کا بیٹا ۳۰سالہ دیری منتظم پرسو رام جمعرات کو اپنی ہیرو ہانڈا ڈیلکس یوپی ۳۲ڈی اے ۰۱۴۷سے کام پر سے گھر لوٹ رہا تھا۔ پرسو رام جب جے بابا ڈھابہ کے نزدیک پہنچا تبھی اس کی موٹر سائیکل پر ٹرک آر جے ۰۵جی اے ۷۴۰۸نے زور دار ٹکر ماری ٹرک کی ٹکر لگنے سے وہ دور جاگرا اور بری طرح سے لہولہان ہوگیا ۔ آس پاس کے لوگوں نے اسے پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔دوسری طرف بارہ بنکی کے ٹکراگھاٹ کا رہنے والا ۲۵سالہ ببلو عرف آزاد بدھ کو موٹر سائیکل سے لکھنؤ آرہا تھا ۔ تبھی فتح کھیڑا کے نزدیک اس کی گاڑی پروکرم نے ٹکر ماردی جس میں اس کی موت ہو گئی۔ببلو پیشہ سے دودھ کاروباری تھا۔ وہیں اٹونجہ واقع مڈول گاؤں کے نزدیک تیز رفتار بے قابو کار نے بدھ کی شام ایک موٹر سائیکل پر ٹکر ماردی ۔ موٹر سائیکل پر سوار رام رتی (۴۵)اپنے بھتیجے کے ہمراہ جارہی تھی ۔ کار کی ٹکر لگتے ہی دونوں موٹر سائیکل سے گر گئے ۔ آس پاس کے لوگوں نے انہیں پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایاجہاں رام رتی کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ کاکوری کے درگا گنج چوراہے پر ہردوئی کی جانب سے آرہے ٹرک سے مخالف سمت سے موٹر سائیکل کی ٹکر ہوگئی۔موٹر سائیکل ٹرک کے اگلے پہیے کے نیچے آگئی۔جب کہ موٹر سائکل سوار ٹکر لگنے سے دور جاگرا۔اور بری طرح سے زخمی ہوگیا۔ آس پاس کے لوگوں نے اسے فوری ٹراماسنٹر میں داخل کرایا۔زخمی کی شناخت وکرم پانڈے کے طور پر ہوئی ہے ۔