اعظم گڑھ:ضلع کے مختلف مقامات پرگذشتہ روز ہوئے سڑک حادثات میں دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاگیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جہاناگنج تھانہ حلقہ کے اکبیل پور مڑیا گائوں کے نزدیک گذشتہ شام شہر سے کھریانی کی جانب جارہا سواری لدآٹورکشہ سامنے سے آرہی ٹریکٹر ٹرالی سے بچنے کی کوشش میں آگے کھڑی بس سے ٹکراکرالٹ گیا۔اس حادثہ میں آٹوسوار نصف درجن افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو جب تک علاج کیلئے لے جایاجاتا ایک شخص کی موت ہوگئی۔متوفی کی شناخت غازی پور شہر کے رہنے والے چالیس سالہ اجے پرجاپتی کی شکل میں کی گئی ہے۔شدید طورسے زخمیوں میں چندر بھان پانڈے اور وجے پرکاش پانڈے کو علاج کیلئے شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایاگیاہے جبکہ معمولی طورسے زخمی مسافروںکو علاج کے بعد گھربھیج دیاگیا۔وہیں گمبھیرپور تھانہ حلقہ کے روہواں گائوں سبھا کے تحت نند گنج واقع ڈھابے کے نزدیک کھڑے ٹرک سے موٹرسائیکل ٹکراجانے کے سبب موٹرسائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
حادثہ گذشتہ شام تقریباً سات بجے ہوا۔متوفی کی شناخت ۲۴سالہ برج بھان ولد سیتایادو کی شکل میں کی گئی۔حادثہ کے وقت وہ علاقہ کے گوسائیں کی بازار سے موٹرسائیکل سے گھرلوٹ رہاتھا اسی سلسلے میں کپتان گنج حلقہ کے تحت مقامی قصبہ میں گذشتہ شام گووند صاحب میلے سے عقیدت مندوں کو لے کر واپس لوٹ رہی ٹاٹامیجک کی زد میں آجانے سے موٹرسائیکل سوار ۱۸سالہ منیش زخمی ہوگیا اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔حادثہ کے وقت زخمی نوجوان اپنے بھائی کو دہلی جارہی کیفیات ایکسپریس پر بیٹھاکر موٹرسائیکل سے اپنے گائوں تیرہیں تھانہ کپتان گنج لوٹ رہاتھا اسی سلسلے میں انورگنج بازار میں دیر شام گووند صاحب میلے سے لوٹ رہی ٹاٹامیجک ایک بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں بے قابوہوکر الٹ گئی۔اس حادثہ میں گاڑی سوار چھ افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔