لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھیم پور جیل کے جیلر کا بیٹا سائیکل سے یو پی ٹی یو کا امتحان دینے جا رہا تھا۔ راستے میں اس کی سائیکل میں نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے سے وہ شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ گاؤں کے لوگوں نے اسے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔دوسری جانب گوسائیں گنج میں تیز رفتار روڈویز بس نے ٹاٹا ایس گاڑی میں ٹکر ماردی۔ ٹکر لگنے سے ٹاٹا ایس ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو گاڑی سے باہرنکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق خوشراج پور کے باشندے لکھیم پور جیلر امبیکا پرساد کا کنبہ پی جی آئی کے تیلی باغ میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ امبیکا کا بیٹا پردیپ کمار (۲۰) یو پی ٹی یو کا طالب علم تھا۔ اتوار کو رائے بریلی روڈ پر واقع امتحان مرکز پر جب وہ امتحان دینے کیلئے جا رہا تھا تو راستے میں اس کی سائیکل میں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے کے سبب پردیپ شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ جسے گاؤں کے لوگوں نے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔اسی سلسلہ میں گوسائیں گنج کا باشندہ ڈرائیور محمد افضال (۵۲) ٹاٹا ایس لیکر گوسائیں گنج سے لکھنؤ آرہا تھا ۔ افضال جب سرکاری اسپتال کے سامنے پہنچا اچانک مخالف سمت سے آرہی روڈویز بس سے اس کی ٹکر ہو گئی۔
ٹکر اتنی زبردست تھی کہ افضال کی موقع پرہی موت ہو گئی۔ جائے موقع پر موجود گاؤں کے لوگوں نے حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے ٹرک سے لاش کو باہر نکالا اور
پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔