قاہرہ: پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے مصر کی خاتون کھلاڑی رانیم ال ولیلی کو اپنی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر قرار دے دیا ہے جس سے ال ولیلی اس کھیل میں پہلی پوزیشن پر پہنچنے والی اولین مصری خاتون بن گئی ہیں۔ العربییہ کی رپورٹ کے مطابق سکواش کی بین الاقوامی تنظیم نے گزشتہ روز یہ اعلان بھی کیا ہے کہ مصر ہی کے محمد الشورباگی مردوں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ منتظمین نے مزید کہا ہے کہ ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ بھی تین مصری کھلاڑی سکواش کی درجہ بندی میں ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔
پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کے مطابق سکندریہ کی رہنے والی 26 سالہ ال ولیلی آٹھ ماہ تک عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر رہی ہیں۔ ال ولیلی نے پہلی پوزیشن پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے ملائشیا کی نکول این ڈیوڈ کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے جو گزشتہ نو برس سے رینکنگ میں ٹاپ پر تھیں۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 2015 میں ال ولیلی کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے اور انہوں نے اوپر تلے تین بڑے ٹورنامنٹس میں فتوحات حاصل کی ہیں۔