نئی دہلی ۔آئی پی ایل کے ساتویں سیشن کی نیلامی کے لئے جاری 10 ممالک کے 233 کھلاڑیوں کی فہرست میں یوراج سنگھ اور وریندر سہواگ کو دو ۔دو کروڑ روپے کا سب سے زیادہ بیس پرائس ملا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 10 ممالک کے 233 کھلاڑیوں کی فہرست آئی پی ایل کی آٹھوں فرنچائزیز کو تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں شامل 46 ہندوستانی کھلاڑیوں میں ٹیم انڈیا سے کافی وقت سے باہر چل رہے سہواگ اور یوراج کو سب سے زیادہ بیس پرائس ملا ہے۔ اس کے علاوہ دنیش کارتک ، پرگیان اوجھا اور یوسف پٹھان بھی کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں سب سے زیادہ بیس پرائس ملا ہے ۔غیر ملکی کھلاڑیوں کی بات کریں تو اس سے ایشز میں بہترین کارکردگی سے شہ سرخیوں میں آئے آسٹریلیا کے تیز گیند باز مشیل جانسن کو بھی ٹاپ بیس پرائس ملا ہے ۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا کے ہی بریڈ ہیڈن اور اسٹیون اسمتھ بھی ٹاپ بیس پرائس کھلاڑیوں میں شامل ہے ۔آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے قومی ٹیم کے اہم ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے پیش نظر اگلے ماہ ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی سے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق 32 سالہ کلارک کا ارادہ 2015 کے ورلڈ کپ اور انگلینڈ میں ایشز کے دفاع کے لئے خود کو تازہ رکھنا ہے ۔ کلارک ٹیسٹ ٹیم کے زیادہ تر ارکان کے ساتھ بدھ کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے ۔آسٹریلیا وہاں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا ۔ آئی سی سی کے مالی اور انتظامی معاملات پر اجارہ داری کیلئے بھارت کو گرین سگنل دینے کے باوجود بھارت کا دوہرا معیار ختم نہ ہوسکا اور دنیا کی مہنگی ترین انڈین پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں بھی پاکستانی کرکٹرز کیلئے درواز ے نہ کھل سکے، پریمیر لیگ میں 233 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی جس میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین پریمیر لیگ چونکہ ہندوستان کا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے۔ اس لئے پاکستان نے اس پر بات نہیں کی لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ ماضی میں یہ کہتا رہا ہے کہ جب سے ممبئی واقعہ ہوا ہے۔ اس کے بعد آئی پی ایل فرنچائز کہتی ہیں کہ اگر ہم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدہ کرتے ہیں تو اس بات کا خدشہ ہے کہ ہندوستان کے کئی صوبوں میں ہماری مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔ اس لئے پاکستان مخالف عناصر اس میں زیادہ حائل ہیں۔ اس طرح بگ تھری معاملے پر جس طرح بھارتی کرکٹ بورڈ نے تین روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو سبز باغ دکھانے کی کوشش کی تھی کہ بھارت کے ساتھ کسی بھی نیوٹرل مقام پر کھیلنے کیلئے تیار ہیں بشرطیکہ آپ ہمیں آئی سی سی میں بگ تھری کیلئے ووٹ دیں۔ پاکستان کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے باوجود انڈین پریمیر لیگ میں 233 کھلاڑی کی فہرست جاری ہونے کے بعد ہندوستان کا دوہرا معیار سامنے آگیا اور بلی تھیلے سے باہر آگئی۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اپنے کارڈ وقت آنے سے پہلے شو کر دیئے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا کہ آئی پی ایل میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔ یہ گزشتہ پانچ سال سے ہو رہا ہے جاری فہرست میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ یہ ساتواں پریمیر لیگ کا ایڈیشن شروع ہونے والا ہے۔