لکھنؤ: اتر پردیش حکومت نے افسروں کو صوبے میں آنے والے سیاحوں کی حفاظت، احترام اور فراہم کی جانے والی سہولیات کامکمل طورپر دھیان رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ریاست میں آنے والے کسی بھی سیاح کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کو روکنے کی ذمہ داری مقامی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کی ہے ۔ حکام سے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہا گیا ہے کہ ریاست میں کہیں بھی اس طرح کاکوئی واقعہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں مقامی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کے افسروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ متحد ہوکر سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کریں اور سیاحتی مقامات، ہوٹلوں، ریسٹوراں اور دیگر عوامی مقامات پر سیاحوں کے بلارخنہ نقل و حرکت اور حفاظت کے وسیع اور مؤثر نظام کو یقینی بنائیں۔
ذرائع کے مطابق افسروں سے کہا گیا کہ وہ اس بات پر خصوصی توجہ دیں کہ ٹرانسپورٹ اور ہوٹل کاروبار سے وابستہ لوگ ریاست میں گھومنے کے لئے آنے والے سیاحوں کے ساتھ عزت سے پیش آئیں اوریہ بھی یقینی بنایا جائے کہ سیاحوں سے مقرر ہ قیمت سے زیادہ کوئی پیسے نہ لے ۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش سیاحت کے نقطہ نظر سے امکانات سے بھرا ہوا ہے اور ریاستی حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ذرائع نے کہا کہ حکام سے کہا گیا ہے کہ سیاحت ریاست میں اقتصادی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے لیکن اگر ریاست میں سیاحوں سے کہیں بدسلوکی کاکوئی واقعہ ہوا تو اس سے سیاحت کے امکانات کو نقصان پہنچینے کے ساتھ ساتھ ریاست کی شبیہ بھی متاثرہو سکتی ہے ۔