بھارت کے وزیرِ سیاحت مہیش شرما نے کہا کہ اس تبدیلی سے سیاحت کو فروغ ملے گا
بھارت نے سیاحت کے فروغ کے لیے امریکہ، آسٹریلیا، برازیل، جرمنی اور جاپان کے سیاحوں کے لیے ملک آمد پر ویزا حاصل کرنے کی سکیم میں توسیع کرتے ہوئے اسے 43 ممالک تک توسیع دے دی ہے۔
دنیا کے 43 ممالک کے شہری اب بھارتی قونصلیٹوں کے سامنے قطاروں میں کھڑے ہونے کے بجائے آن لائن درخواست دے کر بھارت آمد پر ہوائی اڈے سے ویزا لینے کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہ سکیم پہلے صرف 12 ممالک کے لیے تھی۔
بھارت میں سنہ 2012 میں 65 لاکھ سے زائد سیاح آئے، جو تھائی لینڈ اور ملیشیا جیسے دیگر ایشیائی ممالک میں سیاحوں کی تعداد سے بہت کم ہے۔
بھارت کے وزیرِ سیاحت مہیش شرما نے کہا کہ اس تبدیلی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ سکیم بھارت کی سیاحت کی صنعت کا خواب تھا جو پورا ہوا اور اس سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے اس سکیم سے یہ واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ بھارت ملک میں لوگوں کی آمد کو آسان بنانے میں سنجیدہ ہے۔‘