حیدرآباد: سیاچن گلیشیر میں جاں بحق ہندوستانی فوج کے لانس نائک مشتاق احمد کی آج تمام فوجی اعزازات کے ساتھ آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں واقع ان کے آبائی مقام نندیال ٹاؤن کے موضع پرناپلی میں تدفین عمل میں آئی ۔
اس موقع پر آندھراپردیش کے نائب وزیر اعلی کے ای کرشنا مورتی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی بھی موجود تھے ۔ ان دونوں نے مشتاق کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا ۔ حکومت آندھراپردیش کی طرف سے نائب وزیر اعلی کے ای کرشنا مورتی نے مشتاق احمد کے اہلخانہ کو ایکس گریشیا کے طور پر 25لاکھ روپئے حوالہ کئے ۔ ساتھ ہی مشتاق احمد کے خاندان کے ایک رکن کو سرکاری ملازمت بھی فراہم کرنے کااعلان کیاگیاہے ۔کل وزیراعلی چندرابابونائیڈو کی زیرصدارت کابینی میٹنگ میں مشتاق احمد کو خراج عقیدت ادا کیاگیا۔
اس عظیم سپاہی کی میت حاصل کرنے کیلئے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پر آندھراپردیش کا کوئی اہم سرکاری نمائندہ تک موجود نہیں تھا۔سرکاری رویہ کے خلاف پرنا پلی کے عوام نے احتجاج کیا۔