بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی نے لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ سے ملاقات کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی نے ،جو فلسطین سے متعلق عالم اسلام کے علماء کی کانفرنس میں شرکت کے لئے لبنان کے دورے پر ہیں،سید حسن نصراللہ سے ملاقات کی ہے۔ علی اکبر ولایتی نے اس موقع پر اہم ترین علاقائی مسائل نیز تکفیریوں اور انتہا پسندوں کے خلاف مزاحمتی محاذ کی کامیابیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں حزب اللہ کے سربراہ نے علاقے کی تازہ ترین صورتحال اور تکفیری دھڑوں اور انتہا پسند گروہوں سے متعلق مسائل کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی اور شام کے سرحدی علاقے القلمون اور دیگر علاقوں میں حالیہ دنوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی تدابیر اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر ولایتی نے بھی اس ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حاصلہ کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور تکفیری اور انتہا پسند گروہوں سے مقابلے میں عالم اسلام اور دنیا کے سبھی ملکوں کی شراکت کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ تکفیری اورانتہا پسند گروہ بعض ملکوں کی حمایت سے اسلام کو ایک پرتشدد دین کے طور پر پیش کرنے میں کوشاں ہیں اور بعض اسلامی ملکوں کی تقسیم کے لئے بھی انہوں نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔