لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش کانگریس کمیٹی نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بتائیں کہ سیفئی مہوتسو میں خرچ کی گئی رقم کا حساب دیں۔ انہوںنے کہاکہ جن کو نظم و نسق کو درست کرنا ہے وہ جشن میں مصروف ہیں جب میڈیا اس کی مخالفت کرتی ہے تو اس سے دوری بنائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیفئی میں سیکڑوں کروڑروپئے خرچ ہونے کے معاملہ کے انکشاف کے بعد وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے میڈیا کو نشانہ بنا لیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک پریس کانفرنس میں خبر نویسوں کے سوالات سے وزیر اعلیٰ کی گھبراہٹ سے واضح ہوتا ہے کہ گھپلے بازی کی گئی ہے۔
مسٹر کھتری نے کہاکہ اگر وزیر اعلیٰ غیرجانبداری کی بات کرتے ہیں تو وہ بتائیں کہ ممبئی سے آنے والے اداکاروں کو کتنی رقم دی گئی۔ کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ میں اخلاقی قدریں ہیں تو وہ کم از کم اتنا ضروری بتائیں کہ سیفئی میںاتنی رقم کیوں برباد کی گئی اور اس کی ضرورت کیا تھی۔ یہی رقم اگر ضرورتمندوں کو دے دی جاتی تو لوگوں کو دو وقت کی روٹی مل جاتی۔ انہوں نے کہاکہ آخر ۸؍جنوری کو سیفئی میںایسا کون سا پروگرام چل رہا تھا جس کوعوام کی نظروں سے چھپانے کیلئے میڈیا کے داخلہ کو منوع قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مظفرنگر فساد کے ساتھ ہی نظم و نسق کی خرابی کو نظر انداز کرتے ہوئے جس طرح سے عوام کی رقم اڑائی گئی ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ صرف حکومت اور اس کے اعلیٰ افسران کی تفریح تباہ کیلئے خرچ کی گئی جو قابل مذمت ہے۔