لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اتراکھنڈ کے بعد کے جی ایم یو اب جموں وکشمیرمیں سیلاب سے متاثر افراد کی مدد کرے گا۔ جموں میں سیلاب کے بعد علاقہ میں متعدی امراض کے خطرہ کے پیش نظر کے جی ایم یو وہاں دوائیں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ کے جی ایم یو انتظامیہ نے طے کیا ہے کہ ادارہ کی جانب سے جموں میں سیلاب سے متاثر علاقوںمیں متعدی امراض سے نمٹنے والی دوائیں بھیجی جائیں گی۔ کے جی ایم یو انتظامیہ نے سبھی شعبوں کے صدر کو خط بھیج کر مطلع کیا ہے کہ وہ شعبہ میں استعمال ہونے والی عام دواؤں کو جمع کریں تاکہ انہیں جموں بھیجاجا سکے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ وجے کمار کی جانب سے جاری خط میں خصوصی طور سے متعدی امراض سے بچاؤ کی دواؤں کو جمع کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جموں میں سیلاب سے ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے اور کئی علاقوں میں آج بھی پانی بھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہاں متعدی امراض کا خطرہ برقرار ہے۔اس سے قبل کے جی ایم یو اتراکھنڈ میں بھی راحت ٹیم بھیج چکا ہے۔