لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کے جی ایم یو میں آنے والے سیمسٹر امتحانات میں اب مزید سختی برتی جائے گی۔ میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس بار سیمسٹر امتحانات کی ویڈیو گرافی کرائی جائے گی تاکہ نقل وغیرہ کے امکانات کو پوری طرح سے ختم کیا جا سکے۔ امتحان کنٹرولر کے طور پر نئے ایڈیشنل ڈین کی شکل میں ایناٹامی شعبہ کی پروفیسر پنیتا ملک کی تقرری کی گئی ہے ۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں گزشتہ کچھ برسوں سے جانبداری کے الزام عائد ہوتے رہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں کئی بار نقل کے الزام بھی عائد ہوئے۔ اسے دیکھتے ہوئے کے جی ایم یو کے وائس چانسلر نے آئندہ سیم
سٹر امتحانات کی ویڈیو گرافی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بار امتحان سسٹم میں کئی دیگر تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں او ایم آر شیٹ پر اب طالب علم اپنے سوالوں کے جواب دیںگے ساتھ ہی امتحان پر پوری نگرانی رکھنے کیلئے امتحان ہالوں میں ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کیمرے چھت پر لگے ہوں گے تاکہ طلباء کی سبھی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔
سیمسٹر امتحان کیلئے ہوں گے تین کمرے:- افسران کا کہنا ہے کہ امتحان کیلئے تین طرح کے کمرے تیار کئے جا رہے ہیں اس میں ۲۰۰، ۵۰۰، اور ایک ہزار طلباء کیلئے کمرے ہیں۔ ۲۰۰، اور ۵۰۰ طلباء والے کمروں میں کیمرے لگ چکے ہیں اور ایک ہزار طلباء والے کمرے کو تیار کیا جا رہا ہے۔
امتحانات او ایم آر شیٹ پر ہوں گے مبنی: -پروفیسر پنیتا کے مطابق اس بار امتحان سسٹم میں تبدیلی کی گئی ہے۔ امتحانات او ایم آر شیٹ پر مبنی ہوں گے۔ امتحانات میں آگے پیچھے بیٹھے ہونے کے سبب طلباء ایک دوسرے سے سوال پوچھ لیتے تھے لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا کیونکہ سوالوں کے نمبر شمار بدلے ہوئے ہوں گے یعنی پہلے سوال کا جو نمبر ایک بک لیٹ میں دوسری بک لیٹ میں پہلا نہیں ہوگا۔