لکھنؤ:ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی غیر موجودگی میں سینئر ڈاکٹروں نے مورچہ سنبھالنے کا دعویٰ تو کیا لیکن وہ سنبھال نہ سکے۔ منگل کی رات سے بدھ تک مزید چھ مریضوں کی جانچ چلی گئی۔ ٹراما سینٹر کے نیورو سرجری میں بھرتی کانپور کے ارپتا شکلا اور سلطانپور کی جدوبانوبدھ کی موت ہو گئی۔
وہیں ایمرجنسی میڈیسن میں بھرتی چھدانا اور شراوستی کی مالتی دیوی کی منگل کی رات موت ہو گئی۔ ٹراما سینٹر میں ہی سر میں چوٹ کا علاج کرانے آئی عائشہ اور گیسٹرو انٹرائٹس کے مریض فیروز کو سینئر ڈاکٹروں نے ہڑتال بتا کر بھرتی کرنے سے انکار کر دیا۔ تیماردار دونوں مریضوں کو لے کر بلرامپور اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
منسوخ ہوئیں موسم گرما کی تعطیلات
یو پی پی جی ایم ای ای کی مخالفت میں مسلسل تیسرے دن ہڑتال پر رہے جونیئر ڈاکٹروں کی وجہ سے خراب ہو رہے نظام کو بچانے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر روی کانت نے سبھی سینئر ڈاکٹروں کی گرمی کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ ادھر ڈائرکٹر جنرل طبی تعلیم نے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو انتباہ دیا ہے کہ سبھی ڈاکٹر کام پر واپس آجائیں کیونکہ ہڑتال کرنے سے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اسپتالوں کو کیا گیا الرٹ
لکھنؤ(نامہ نگار)کے جی ایم یو میں جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے سبب سرکاری اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی آمد کو دیکھتے ہوئے سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو نے سبھی اسپتالوں کو الرٹ کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹراما سینٹر سے ریفر مریضوں کو بلرامپور ، لوہیا، اور سول اسپتال میں مکمل علاج ملے گا۔ اس کے لئے وہاں خاص بندوبست کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ کے دوسرے بارہ بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی علاج کا بندوبست کیا گیا ہے۔ بارہ اسپتالوں میں اضافہ بیڈ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔