نیویارک :۵۱۲گیگا بائٹس کے ذریعے ۳۰گھنٹے تک ایچ ڈی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا سکتی ہے۔میموری کارڈ تیار کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنی سینڈسک نے ۵۱۲گیگا بائٹس ڈیٹا ذخیرہ کرنے والا ایک نیا ایس ڈی کارڈ بنایا ہے۔یہ اب تک کا سب سے زیادہ ڈیٹا ذخیرہ کرنے والا میموری کارڈ ہے۔اس میموری کارڈ کا سائز ڈاک کے ٹکٹ کے برابر ہے اور اس کی قیمت آٹھ سو ڈالر ہے۔سینڈسک نے دس سال پہلے ۵۱۲میگا بائٹس صلاحیت کا میموری کارڈ متعارف کرایا تھا۔اس لحاظ سے دیکھا جائے تو نیا میموری کارڈ سب سے پہلے میموری کارڈ سے صلاحیت میں ۱۰۰۰گنا زیادہ بڑا ہے۔ماہرین کے مطابق مستقبل میں میموری کارڈز کی صلاحیت دو ٹیرا بائٹس یعنی دو ہزار گیگا بائٹس تک بڑھ جائے گی۔اس نئے میموری کے ممکنہ صارفین اعلیٰ کوالٹی کے فارمیٹ’4K‘ پر شوٹنگ کرنے والے فلم ساز ہیں۔’4K‘ کی ریزولیشن ہائی ڈیفینیشن یعنی ایچ ڈی کی کوالٹی سے چار گنا زیادہ بہتر ہوتی ہے اور اس وجہ سے اس معیار کے ڈیٹا کو ذخیرہ کرنے کے لیے زیادہ جگہ درکار ہوتی ہے۔سینڈسک میں مصنوعات کی تشہر کے شعبے کے نائب صدر دنیش بہل کے مطابق’4k الٹرا ایچ ڈی ٹیکنالوجی ایک مثال ہے کہ کس طرح سے ہمیں بہت زیادہ ڈیٹا کی حامل فائلز کو ذخیرہ کے لیے نئی مصنوعات تیار کرنے کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔‘ایس ڈی کارڈ ڈیجیٹل کیمروں، موبائل فونز کے علاوہ فلیش سٹوریج میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔۵۱۲ گیگا بائٹس کے ذریعے ۳۰گھنٹے تک ایچ ڈی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا سکتی ہے۔