نیویارک: ایک ایسی ای میل جو آپ نے اپنے شوہر یا بیوی کو سینڈ کرنی تھی، وہ غلطی سے آپ اپنے باس کو سینڈ کردیتے ہیں۔ ایک ایسا پیغام جو صرف آپ کے محبوب یا محبوبہ کے لیے تھا، وہ غلطی سے آپ پاس محفوظ تمام ای میل ایڈریسز پر فارورڈ ہوجاتا ہے۔
ایسی شرمندگی کی صورتحال سے بچنے کے لیے گوگل نے اب ایک آپشن پیش کردیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس نئے ٹول کی مدد سے آپ کسی بھی ای میل کو سینڈ کردینے کے بعد بھی واپس بلوا سکیں گے۔
ممکن ہے کہ آپ کے ساتھ ایسا کئی مرتبہ ہوا ہو کہ غلطی سے آپ کسی دوسرے ایڈریس پر میل بھیج دیتے ہیں یا پھر اس میں کوئی لازمی یا ضروری فائل اٹیچ کرنا بھول جاتے ہیں۔
ایسے میں آپ کے دماغ میں سب سے پہلا خیال آیا ہوگا کہ کاش یہ سینڈ کیا گیا ای میل واپس بلایا جا سکتا۔ لیکن جی میل کے اکاؤنٹ ہولڈرز اب ایسا کر پائیں گے۔
اب اَن ڈو سینڈ کی سہولت جی میل نے سب کے لیے جاری کر دی ہے۔ اس ٹول کے ذریعے سینڈ کیے گئے ای میل کو آپ روک سکیں گے اور وہ واپس آپ کے ڈرافٹ میں پہنچ جائے گا۔
جی میل کی سیٹنگ میں جانے کے بعد ’اِن ایبل انڈو سینڈ‘ کو آن کرنے کا سہولت نظر آئے گی، اسے آن کرتے ہی نیچے ٹائمنگ بھی دیکھ سکیں گے۔ اس کی مدد سے آپ 10، 20 یا 30 سیکنڈ قبل سینڈ کی گئیں ای ای میل کو واپس بلوا سکیں گے۔
ایک بات کا رکھیں کہ سینڈ کیا گیا ای میل دیے گئے وقت کے مطابق ہی واپس ہو سکے گا۔ مثلا رات کو بھیجا گیا ای میل اگلے دن صبح کے وقت انڈو نہیں ہوسکے گا۔
آپ کی ای میل سینڈ ہونے کے بعد ان باکس کے اوپر زرد رنگ کے ٹیب میں ایک میسیج ‘یورز ای میل ہیز بین سینٹ‘ نظر آئے گا اور وہیں آپ کو ’انڈو‘ کی سہولت بھی نظر آجائے گی۔ ’انڈو‘ پر کلک کرتے ہی آپ کی میل ڈرافٹ میل میں تبدیل ہو جائے گی۔
جی میل کی یہ ’انڈو‘ سینڈ کی سہولت، گوگل لیبز ٹول کے حصے کے طور پر سال 2006ء سے ہی دستیاب تھا۔ ایسے صارفین جنہوں نے لیب کے آپشن میں جاکر اس فیچر کو فعال کرلیا تھا ان کے پاس یہ سہولت پہلے سے ہی موجود تھی، لیکن اب یہ سب کے لیے دستیاب ہے۔
تاہم جی میل کی یہ ’انڈو‘ کی خصوصیت ان کمپنیوں کے لیے نہیں ہے جو کمپنی کے ای میل کے طور پر جی میل کواستعمال کرتی ہیں۔