بل کا معبد پہلی سنہِ عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ عبادت گاہ پیلمائرا کے خدا کے لیے مختص تھی
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ سے لی گئی ایک تصویر سے شام میں پیلمائرا کے کھنڈرات میں واقع ایک اہم ترین معبد کی مکمل تباہی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے پیلمائرا کے کھنڈرات میں واقع بل نامی اہم ترین معبد کو دھماکہ کر کے تباہ کر دیا ہے۔
شام میں آثارِ قدیمہ اور نوادرات کے محکمے کے سربراہ مامون عبدالکریم نے ان اطلاعات کو مسترد کیا تھا کہ دو ہزار سال قدیم بل نامی اہم ترین معبد کو تباہ کیا گیا ہے۔
تاہم اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ لی گئی تصویر میں عمارت کی باقیات بھی دکھائی نہیں دے رہیں۔
اقوام متحدہ کے تربیات اور تحقیق کے ادارے یونیٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم بل معبد کی مرکزی عمارت اور اس کے پاس واقع ستونوں کی قطار کی تباہی کی تصدیق کر سکتے ہیں۔‘
اقوامِ متحدہ کے عالمی ثقافتی ادارے یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دی جانے والے ان کھنڈرات میں واقع بل نامی اس قدیم عبادت گاہ کی کم از کم جزوی تباہی کی خبریں عینی شاہدین اور مقامی افراد کی جانب سے اتوار کو ملی تھیں۔
اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ تصویر میں عمارت کی باقیات بھی دکھائی نہیں دے رہیں
اس وقت بھی یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ دو ہزار سال قدیم معبد کو کس حد تک نقصان پہنچایا گیا ہے۔
بل کا معبد پہلی سنہِ عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ عبادت گاہ پیلمائرا کے خدا کے لیے مختص تھی۔
یاد رہے کہ دولتِ اسلامیہ کے اس تازہ حملے کے بارے میں پیلمائرا کے ایک رہائشی نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا تھا کہ ’مکمل تباہی ہے۔ انیٹیں اور ستون زمین بوس ہو گئے ہیں۔ یہ ایسا دھماکہ تھا کہ کوئی بہرا بھی اسے سن سکتا تھا۔ صرف عبادت گاہ کی دیوار ہی باقی بچی ہے۔‘
خیال رہے کہ بل معبد کی تباہی کی خبر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں پیلمائرا میں ہی واقع بعل شمین کی عبادت گاہ کی دھماکے سے تباہی کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی تھی۔
دولتِ اسلامیہ نے رواں سال مئی میں پیلمائرا پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد اس تاریخی ورثے کے بارے خدشات بڑھ گئے تھے۔