لکھنؤ(نامہ نگار)اے ٹی ایم مشین میں کیش ڈالنے والی سیکورٹی ایجنسی کا ڈرئیور آج شام علی گنج علاقہ سے وین میں رکھے ۴۷لاکھ روپئے لے کر فررا ہو گیا۔
سی او علی گنج اکھلیندر سنگھ نے بتایا کہ چنئی واقع آئی ایس ایس ایس ڈی بی نام کی ایک سیکورٹی کمپنی ہے۔ یہ کمپنی اے ٹی ایم مشین میںکیش بھرنے کا کام کرتی ہے۔ اس کمپنی کا راجدھانی کے اندرا نگر علاقہ میں دفتر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دوشنبہ کی شام کمپنی کی ایک وین اے ٹی ایم مشینوںمیں کیش ڈالنے کیلئے نکلی تھی۔ وین کو سیتا پور سندنا کا جے پرکاش چلا رہا تھا۔ وین جب پرنیا واقع یونین بینک کے اے ٹی ایم کے پاس پہنچی تو اچانک خراب ہو گئی۔ اس نے وین ایشوریا پلازا کے پاس کھڑی کر دی۔ اس پر وین کے موجود گارڈ اشوک ، ملازم آشیش مشر اور ابھیشیک دوبے کیش لے کر اے ٹی ایم کے اندر ڈالنے کیلئے چلے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس درمیان وین ڈرائیور جے پرکاش نے وین کا کیش باکس کھولا۔ باکس میں ۴۷لاکھ روپئے رکھے تھے اتنی بڑی رقم دیکھ کر جے پرکاش کو لالچ آگئی۔ اس نے باکس میں رکھی پوری رقم نکالی اور وین چھوڑ کر وہاں سے فرار ہو گیا۔ کچھ د
یر کے بعد جب اے ٹی ایم مشین میں کیش ڈال کر کمپنی کے دیگر ملازمین وین کے پاس پہنچے تو دیکھا کہ وین میں رکھے باکس سے روپئے اور ڈرائیور غائب تھے۔ ۴۷لاکھ روپئے غائب دیکھ کر کمپنی کے ملازمین حیران رہ گئے۔ انہوں نے سب سے پہلے کمپنی کے افسران اورپھر علی گنج پولیس کو واردات کی اطلاع دی۔ موقع پر کمپنی کے افسر اورعلی گنج پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے وین ڈرائیور کو موبائل فون کیا تو وہ بند ملا۔ اس معاملہ میں کمپنی کی طرف سے ملزم وین ڈرائیور جے پرکاش کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ سی او علی گنج نے بتایا کہ پولیس نے ملزم ڈرائیور کے چنہٹ میں رہنے والے کچھ رشتہ داروں سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔ وہیں بتایا جاتا ہے کہ ملزم کی ماں بیمار ہے اور ان کا علاج چل رہا ہے ۔ ملزم ڈرائیور کو موجودہ وقت میں روپیوں کی سخت ضرورت تھی۔ سی او نے بتایا کہ ڈرائیور جے پرکاش تین سال سے مذکورہ سیکورٹی کمپنی میں کام کر رہا تھا ۔ پولیس کی ایک ٹیم اس کے آبائی ضلع سیتاپور بھیجی جا رہی ہے۔