مدورئی (تمل ناڈو): تمل ناڈو کی مدورئی پولیس نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے حکام پر حملہ کرنے کے معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے ۔پولیس کی طرف سے آج جاری ایک بیان کے مطابق خصوصی پولیس ٹیم نے نو اپریل کو بی بی کلم علاقے میں سی بی آئی حکام کے ساتھ مار پیٹ کرنے اور رشوت خوری کے معاملے میں دو ملزمین مرکزی محکمہ آبکاری کے سپرنٹنڈنٹ ایس اشوک راج اور حولدار این کرشنن کو سی بی آئی کی حراست سے فرار کرانے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے ۔سی بی آئی کے پانچ حکام کی ایک پارٹی جن میں انسپکٹر آر مروگن اور ہیڈ کانسٹبل بال چندر پلے شامل ہیں، نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انکم ٹیکس افسر کے مکان پر چھاپہ مارا اور آبکاری محکمہ کے دو ملازمین کو کیبل ٹی وی نٹ ورک آپریٹر سے 75 ہزار رشوت کے طور پر لیتے ہوئے پکڑ لیا۔ حکام ابھی اشوک راج اور کرشنن سے پوچھ گچھ کر ہی رہے تھے کہ ایک مسلح گروپ نے ان پر حملہ کردیا اور پکڑے گئے حکام کو رہا کرا کر لے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی افسر مروگن اور بال چندر کو چوٹیں آئی ہیں اور پرائیویٹ اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے ۔سی بی آئی حکام کی شکایت پر تلا کلم پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے ۔