گورکھپور (نامہ نگار)اہل خانہ کے لئے آج خوشی کادن تھا۔اس کی وجہ بیٹی کے سی بی ایس امتحان کے نتائج کا اعلان تھا۔صبح سے ہی اہل خانہ بیٹی کی کامیابی کے لئے دعا کررہے تھے لیکن انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی خوشی غم میں تبدیل ہونے والی ہے جسے فراموش کرنا ان کے لئے ناممکن ہوگا۔تقریباً دس بجے بیٹی امتحان کا نتیجہ دیکھنے کے لئے سائبر کیفے جارہی تھی۔اسی دوران موبائل پر انہیں خبر موصول ہوئی کہ ان کی بیٹی راستہ میں گر پڑی ہے اور اس کی حالت
تشویشناک ہے۔ اہل خانہ موقع پر پہنچے اور اسے اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردے دیا۔لڑکی نے مرنے سے قبل اپنے پاپاسے کہا کہ اس نے سلفاس کی گولی کھالی ہے لیکن میں زندہ رہنا چاہتی ہوں۔یہ واقعہ کینٹ حلقہ کے رستم پور کے باشندے ارون کمارکے ساتھ پیش آیا۔ارون کمار بینکاک میں رہتے ہیں اور آج کل وہ ہندوستان آئے ہوئے ہیں ان کی بیٹی رانی شکلا (۱۷)سینٹرل اکادمی اسکول کی بارہویں جماعت کی طالبہ ہے۔
آج رانی کا سی بی ایس امتحان کا نتیجہ آیا ہے۔نتیجہ دیکھنے کے لئے وہ تقریباً صبح دس بجے گھر سے سائبر کیفے روانہ ہوئی۔کیونکہ امتحان میں وہ ناکام ہوگئی تھی۔مایوس ہوکر رانی گھر کی طرف روانہ ہوگئی لیکن راستے میں ہی اس نے سلفاس کی گولی کھاکر خودکشی کرلی۔راہگیروں نے اس کے موبائل سے اہل خانہ کو اطلاع دی۔گھر پر انتظار کررہے اہل خانہ کو سخت صدمہ پہنچا اور وہ موقع پر پہنچنے کے بعد اہل خانہ نے رانی کو ضلع اسپتال لے جانے لگے۔ راستے میں رانی شکلا نے اپنے والد سے بتایا کہ وہ امتحان میں فیل ہوگئی ہے اور مایوس ہوکر اس نے سلفاس کی گولی کھالی ہے لیکن وہ زندہ رہنا چاہتی تھی۔اسپتال پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد رانی کو مردہ قراردے دیا۔اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔پولیس نے موقع پر پہنچنے کے بعد لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔