مرادآباد:سینٹرل بورڈ آف ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے دیہی علاقوں کے طلباء و طالبات کی کیریئر گائڈنس کے لئے کونسلنگ سینٹر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کی ابتداء اترپردیش سے کی جارہی ہے ۔ ملک میں اس طرح کے کونسلنگ سینٹر کھولنے کا یہ پہلا اور نیا تجربہ ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان کونسلنگ سینٹروں پر سی بی ایس ای کے علاوہ دوسرے بورڈس کے طلبا و طالبات بھی ماہرین سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ بورڈ کے محکمہ رابطہ عامہ کی طرف سے اس منصوبے سے متعلق ایک سرکولر جاری کیا گیا ہے ۔اس نئے تجربے کے خاص نقائط میں بورڈ کی طرف سے دسویں کے طلبا و طالبات کے لئے ایپی ٹیوڈ ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا اور اس ٹیسٹ میں تمام بورڈ کے طلبا و طالبات حصہ لے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سینٹروں پر طلبہ کی تعلیم سے متعلق پریشانیوں کوحل کرنے کے لئے مشورے کی سہولت حاصل ہوگی۔ ابتدا میں اس میں حساب ، سائنس اور انگریزی جیسے مشکل موضوعات کی تعلیم کی سہولت رہے گی۔انہوں نے بتا یا کہ سینٹر میں طلبہ کی صلاحیت کے فروغ روزگارسے متعلق کورس اور نصاب میں داخلے کے لئے ضروری تعلیم کے ساتھ اچھے اداروں کی معلومات کیرئر گائنڈنس کے لئے کونسلنگ میں دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سینٹر میں تعلیمی اور معلوماتی مواد والدین اور طلبہ کو فراہم کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ انکی پریشانیوں کے حل کے لئے کیمپ بھی منعقعد کئے جائیں گے ۔