نئی دہلی، 5 اگست (یو این آئی) سول سروسز کے ابتدائی امتحانات کو تمام ہندوستانی زبانو ں میں کرانے اور سی سیٹ کو ختم کرنے کے مطالبے پر اپوزیشن نے آج راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ہنگامے کی وجہ سے وقفہ سوالات نہیں ہوسکا۔چیئر مین محمد حامد انصاری نے صبح جیسے ہی وقفہ سوالات کی شروعات کرنی چاہی ، اپوزیشن کے تمام اراکین اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر سول سروسز کے معاملے کو اٹھانے لگے۔انہوں نے امتحان کے خواہش مند طلباء کی تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پیر کے روز جو فیصلہ کیا ہے اس سے یہ مسئلہ سلجھنے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ہندی زبان کے حامی اراکین نے جہاں ایک طرف مانگ
کی کہ سی سیٹ کو امتحان کے پرچوں سے مکمل طور پر ختم کردینا چاہئے وہیں غیر ہندی علااقوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے کہا کہ ابتدائی امتحان تمام ہندوستانی زبانوں میں کرانا چاہئے ۔