لکھنؤ۔ سعادت گنج علاقہ میں اکتوبر ماہ میں ایک زری کاروباری کے گھر کے باہرسے چوری ہوئی پلسر موٹر سائیکل کی واردات سی سی ٹی وی میں قید ہو گئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سنیچر کی رات موٹر سائیکل چور کو پکڑ لیا۔ پولیس کو اس کے پاس سے چوری کی گئی پلسر موٹر سائیکل تو نہیں ملی پر ایک چوری کی گئی ایکٹیوا گاڑی مل گئی ہے۔ سی او بازار کھالہ سرویش کمار مشر نے بتایا کہ کچا پل کے رہنے والے زری کاروباری محمد آفاق کے گھر سے گزشتہ ۲۳؍اکتوبر کو ان کی پلسر موٹر سائیکل چوری ہو گئی تھی۔ اتفاق کی بات یہ رہی کہ موٹر سائیکل کی چوری کی پوری واردات گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی۔ اس معاملہ میں کاروباری نے سعادت گنج کوتوالی میں موٹر سائیکل چوری کی رپورٹ درج کرائی ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج میںتلاش کی تو موٹر سائیکل چوری کی پوری واردا ت پولیس کو ملی۔ فوٹیج کی مدد سے سنیچر کو سعادت گنج پولیس نے چوپٹیاں کے پاس پلسر موٹر سائیکل چوری کرنے والے ایک چور کو ایکٹیوا گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ تفتیش کی گئی تو گاڑی چور نے اپنا نام سروجنی نگر کا ریحان عرف سیف بتایا۔ اس نے بتایا کہ برآمد کی گئی ایکٹیوا گاڑی اس نے کچھ دن قبل کیمپویل روڈ سے چوری کی تھی۔ وہیں کاروباری کے گھر سے چوری کی گئی پلسر موٹر سائیکل کو ملزم نے نیپال میں فروخت کرنے کی بات پولیس کو بتائی۔ سعادت گنج پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان پہلے بھی گاڑی چوری کے معاملہ میں جیل جا چکاہے۔