لکھنؤ: ملیح آباد علاقہ میں منگل کی شام ایک شادی شدہ جوڑے سے ہوئی لوٹ کے معاملہ کا انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے لوٹی گئی ایک موٹر سائیکل سمیت تین مزید موٹر سائیکلیں، زیورات اور ایک طمنچہ برآمد کیا ہے۔ ایس پی دیہی سومتر یادو نے بتایا کہ ملیح آباد پولیس لوٹ کی واردات کے بعد لٹیروں کی تلاش میں سرگرم تھی۔ آج صبح پولیس کو تقریباًسات بجے سراواں گاؤں کے پاس تین موٹر سائیکل پر سوار پانچ مشتبہ افراد دکھائی دیئے۔ پولیس نے انہیں جیسے ہی پکڑنے کی کوشش کی تو دو بدمعاش موقع سے بھاگ نکلے جبکہ تین کو پولیس نے گھیر کر پکڑ لیا۔ تلاشی کے دوران پولیس نے ان کے پاس سے زیورات، طمنچہ، موبائل فون برآمد کیا ہے۔ پولیس نے بدمعاشوں کے پاس سے ملی ایک موٹر سائیکل کے بارے میں معلومات کی تو پتہ چلاکہ برآمدایک موٹر سائیکل بدمعاشوں نے ۳؍دسمبر کی شام ہردوئی کے رہنے والے شیوم سے لوٹی تھی۔ بدمعاش شیوم کی بیوی پوجا سے زیورات بھی چھین لائے تھے۔ برآمد کئے گئے زیورات پوجا کے ہی ہیں۔ تفتیش میں پکڑے گئے بدمعاشوں نے اپنا نام عرفان ساکن ملیح آباد، سنجے کمار اور سدھیر بتایا۔ ملزمین نے ۲۶؍نومبر کو ملیح آباد اور ۱۹؍نومبر کو مال علاقہ میں لوٹ کی دو واردات انجام دینے کی بات قبول کی ہے۔