اعظم گڑھ۔ (نامہ نگار)۔ دیدار گنج تھانہ حلقہ کے گوسی گاؤں میں میکے میں رہ رہی ایک شادی شدہ خاتون نے گزشتہ روز چاقو نگل لیا۔ کنبہ کے لوگوں نے اسے ضلع اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ دو برس قبل بھی آپریشن کر کے اس کے پیٹ سے چاقو ، برش، کنگھی اور چمچ نکالے جا چکے ہیں۔ دیدار گنج تھانہ کے تحت گوسی گاؤں کے رہنے والے آسر کی ۲۶ سالہ بیٹی سیما کی شادی جونپور کے کھیتا سرائے کے رہنے والے مسیر سے ہوئی ہے۔ باپ کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت گوسی گاؤں میں رہ رہی ہے۔ گزشتہ صبح اس نے سبزی کاٹنے والا چاقو نگل لیا۔ کنبہ کے لوگ اسے لیکر نزدیکی اسپتال پہنچے جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے ضلع اسپتال منتقل کر دیا۔ کنبہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ دو برس قبل ہی اس نے چاقو وغیرہ نگل لیا تھا۔شہر کے برہم استھان واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں آپریشن کے بعد اس کے پیٹ سے چمچ، برش، چاقو اور کنگھی نکلی تھی۔ شادی شدہ خاتون کے ذریعہ چاقونگلنے کے واقعہ کی اطلاع جب اسپتال کے لوگوں کو ہوئی تو سبھی اسے دیکھنا چاہ رہے تھے۔