لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مڑیاؤں علاقہ میں رہنے والی ایک شادی شدہ خاتون کی پُر اسرار طور پر موت ہو گئی۔ شادی شدہ کی لاش بستر پر پڑی ملی اور اس کے گلے میں دوپٹہ کسا ہوا تھا۔ میکے اور سسرال والے شادی شدہ کی موت کو خود کشی بتا رہے ہیں۔ مڑیاؤں کے ہری اوم نگر کا رہنے والا انیس سالہ ہریش اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ ہریش کی ایک برس قبل سیتاپور کی رہنے والی انوپم سے شادی ہوئی تھی۔ ہریش نویں جماعت کا طالب علم ہے اور ساتھ میں ہی ایک دکان میں کام کرتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دو شنبہ کی صبح کنبہ کے سبھی لوگ کام پر چلے گئے۔ گھر پر انوپم اور اس کی بیمار ساس موجود تھی ۔
دوپہر کو انوپم کا چھوٹا دیور شنکر اسکول سے لوٹا۔اس نے دیکھا کہ انوپم کی لاش بستر پر پڑی ہے اور گلے میں دوپٹہ کسا ہوا تھا۔ بھابھی کو اس حالت میں دیکھ کر اس نے شور مچا دیا۔ کنبہ کے لوگوں نے فوراً ایک پاس کے ڈاکٹر کو بلایا۔ ڈاکٹر نے انوپم کو دیکھتے ہی مردہ قرار دے دیااس کے بعد کنبہ کے لوگوں نے انوپم کے میکے والوں کو واردات کی اطلاع دی۔ دیر شب میکے والے بھی پہنچ گئے۔ اسی درمیان محلہ کے لوگوں نے انوپم کے قتل کی اطلاع پولیس کو دے دی۔ موقع پر پہنچ کرپولیس نے تفتیش کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ میکے اور سسرال والے انوپم کی موت کو خود کشی بتا رہے ہیں۔