لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔گوسائین گنج علاقہ میں رہنے والے ایک کسان کی اہلیہ کی لاش آج صبح اتریٹھیا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک پڑی ملی۔ متوفیہ کے بھائی نے اس کے شوہر، ساس اور دیور پر جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے کے سبب قتل کرنے کا الزام عائد کیاہے۔ اس معاملہ میں پولیس نے متوفیہ کے بھائی، ساس اور دیور کے خلاف جہیز قتل کی رپورٹ درج کرلی ہے۔
سی او موہن لال گنج راجیش یادو نے بتایا کہ گوسائیں گنج کے دریا پور گاؤں کے رہنے والے آلوک ورما کی شادی ۲۰۱۲ء میں اناؤ کی رہنے والی تیس سالہ ششی ورما کے ہمراہ ہوئی تھی۔ ششی کے بھائی آشوتوش کا الزام ہے کہ شادی کے بعد سے ہی شوہر اور سسرال والے ششی
کو جہیز کیلئے طرح طرح سے پریشان کرتے تھے۔ ششی نے کئی مرتبہ اپنے ساتھ ہونے والے استحصال کی شکایت اپنے اہل خانہ سے بھی کی تھی۔ دو شنبہ کی صبح ششی کے میکے والوں کو خبر ملی کہ ششی کی لاش اتریٹھیا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک پٹری پر پڑی ہے۔ خبر پاکر میکے والے موقع پر پہنچ گئے۔ سسرال والوں نے بتایا کہ ششی نے ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کی ہے۔ وہیں میکے والوں نے شوہر اور سسرال والوں پر جہیزقتل کا الزام لگاتے ہوئے اطلاع گوسائیں گنج پولیس کو دے دی۔ موقع پر پہنچی گوسائیں گنج پولیس نے تفتیش کر کے ششی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاہے۔اس معاملہ میںششی کے شوہر آلوک، ساس راجیشوری دیوی اور دیور آدرش ورما کے خلاف جہیز قتل کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔