لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ یہ حقیقت ہے کہ شراب انسان کو برباد کر دیتی ہے۔
اسی بری عادت کے معاملہ میں ایک زردوزی کاریگر کی ہونے والی بیوی کو جب اپنے ہونے والے شوہر کے شرابی ہونے کی خبر ملی تو اس نے شادی سے انکار کر دیا۔ اس خبر کا صدمہ زردوزی کاریگر کو ایسا ہوا کہ اس نے جراثیم کش دوا پینے کے بعد اپنی زندگی کو ختم کر دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق حسن گنج کھدرا کے مدح گنج کا باشندہ زردوز کاریگر یاسر ملک (۲۲) کا گھر پر ہی کارخانہ تھا۔ یاسر کے بھائی فمو نے بتایا کہ یاسر کی محلہ میں رہنے والی ایک لڑکی سے چار مہینے قبل شادی طے کردی گئی تھی۔ کچھ دنوں کے بعد لڑکی نے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
جب یاسر کے گھر والوں نے انکار کی وجہ پوچھی تو لڑکی نے یاسر کے شراب پینے کی عادت کی وجہ سے شادی توڑنے کی بات بتائی۔ اس بات کو لیکر یاسر کی ماں سے بھی تکرار ہو گئی تھی۔
فمو نے بتایا کہ یاسر شراب کا عادی تھا اور اس کی ماں اسے شراب پینے کیلئے سختی سے منع کرتی تھی لیکن یاسر پر اپنی ماں کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوا اور شادی ٹوٹنے کے بعد یاسر ذہنی تناؤ میں رہتا تھا۔ گزشتہ پچیس مارچ کو یاسر نے جراثیم کش دوا پی لی تھی۔ گھر والوں نے اسے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔