لکھنؤ(نامہ نگار)مڑیاؤں علاقہ میں رہنے والی ایک بیوہ کو اس کے مکان مالک نے محبت کے جال میں پھنسایا اور پھر شادی کافریب دے کر اس سے جسمانی تعلقات قائم کئے اس دوران جب خاتون حاملہ ہو گئی تو اس نے شادی سے انکار کر دیا۔ آج اس معاملہ میں خاتون نے مکان مالک کے خلاف مڑیاؤں تھانہ میں آبروریزی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔
غازی آباد کی رہنے والی نیہا(فرضی نام) کی شادی تقریباً ۱۰سال قبل وہیں کے رہنے والے ایک نوجوان سے ہوئی تھی۔ نیہاکے یہاں ایک بیٹا اورایک بیٹی پیدا ہوئی اس درمیان اس کے شوہر کی بیماری کے سبب موت ہو گئی۔ اسی درمیان بیوہ کے بھائی جو غازی آباد پولیس میں تعینات تھا اس کی بھی موت ہوگئی بھائی کی موت کے بعد محکمہ جاتی کارروائی کے سلسلہ میں وہ لکھنؤ آگئی اور مڑیاؤں کے محب اللہ پور میں امت سونی کے ایک کمرہ میں کرایہ پر رہنے لگی۔ اس درمیان مکان مالک اکثر اس کے کمرہ میں آنے جانے لگا۔ نیہا کا الزام ہے کہ ایک دن وہ شراب کے نشے میں اس کے کمرے میں پہنچا او
ر اس کی آبروریزی کی۔ نیہا نے اس بات کی شکایت امت کے گھروالوں سے کی تو ان لوگوں نے نیہا کو امت کے ساتھ شادی کرانے کی بات کہی۔ اس کے بعد امت نیہا کے کمرے میں اٹھنے بیٹھنے لگا اورجسمانی تعلقات بھی قائم کئے۔ تقریباً ۸ماہ بعد نیہا کو اس بات کا پتہ چلا کہ وہ حاملہ ہے اس نے جب امت کو بتایا تو اس نے شادی سے انکار کر دیا۔ نیہا نے جب اس پر احتجاج کیا تو ملزم نے اس کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ جمعہ کو متاثرہ نیہا اپنے دوبچوں کے ساتھ مڑیاؤں تھانہ پہنچی اور پورے معاملہ کی شکایت کی۔ پولیس نے اس معاملہ میں ملزم کے خلاف نامزد رپورٹ درج کر لی ہے اور تفتیش کر رہی ہے۔