فائر بریگیڈکی چار گاڑیوں نے پایا آگ پر قابو
لکھنؤ: گڑمبا علاقہ کے رنگ روڈ واقع اتکرش میرج ہال میں گزشتہ شب اچانک آگ لگ گئی۔ واردات اس وقت ہوئی جب وہاں شادی کی تقریب چل رہی تھی۔ باراتی اپنے کو آگ سے بچاکر باہر کی جانب بھاگ کھڑے ہوئے اور شادی میں افراتفری مچ گئی۔ لوگوں نے واردات کی اطلاع پولیس کے علاوہ فائر بریگیڈ کو دی۔ کچھ دیر بعد موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔ واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
موصول اطلاع کے مطابق جانکی پورم تھانہ گڑمبا علاقہ رنگ روڈ واقع اتکرش میرج ہال میں گیارہ جون کو جانکی پورم کے رہنے والے درگا شنکر نگم کی بیٹی کی شادی تھی۔ دیر شب بارات آنے کے بعد شادی تقریب کا پروگرام چل رہا تھا۔ تبھی میرج ہال کے پچھلے حصہ میں شارٹ سرکٹ ہو گیا۔ تاروں کے ٹکرانے سے چنگاری نکلی اور خطرناک آگ کی شکل لے لی۔ آگ لگتے ہی افراتفری مچ گئی لوگ اپنی جان بچاکر باہر کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔ میرج ہال میں آگ لگتے دیکھ کر آس پاس کے لوگ بھی موقع پر جمع ہو گئے اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔واردات کی اطلاع پولیس کے علاوہ فائر بریگیڈ کو دی گئی۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں، جانکی پورم اور گڑمبا کی پولیس پہنچی ۔ تقریباً ایک گھنٹہ بعد آگ پرقابو پایا جاسکا۔ آگ لگنے سے تقریب میں خاصہ نقصان ہوا ہے۔ میرج ہال کے منیجر انل رانا نے بتایا کہ لائٹ کے بار بار آنے جانے سے وولٹیج میں دقت آئی جس سے یہ حادثہ ہوا۔