نئی دہلی، 16جنوری(یو این آئی) بدعنوانی کے خلاف معروف سماجی کارکن انا ہزارے کی تحریک میں سرگرم رول اد
اکرنے والی عام آدمی پارٹی (آپ) کی سابق لیڈر شاذیہ علمی نے آخرکار آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کادامن تھام لیا۔صحافت کی دنیا سے کارزار سیاست میں قدم رکھنے والی شاذیہ علمی نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے ہاتھوں پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے طریقہ کار، ملک کے لئے خدمت کے ان کے جذبے اور ترقیاتی کاموں کے تئیں ان کے مثبت نظریے سے متاثر ہوکر انہوں نے ملک و قوم کی خدمت کے ارادہ سے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دہلی کو ڈسپلن والی انتظامیہ دینے میں وہ اپنا رول ادا کرسکیں۔محترمہ شاذیہ علمی نے کہاکہ انہوں نے ایک عورت، مسلم، ہندو یادلت کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ہندوستانی کی حیثیت سے مثبت سیاست کی طرف آگے بڑھ کر ملک کی خدمت کرنے کی غرض سے یہ قدم اٹھایا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے منفی سیاست اور انتقامی جذبے کو ترک کرکے ترقیاتی جذبے کے ساتھ چلنا انتہائی ضروری ہے ۔