ملبورن۔عالمی نمبر ایک رافل نڈال اور 17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر نے ملبورن کی سخت ترین گرمی میں آسانی کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے لیکن خاتون زمرہ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے مقام پر فائز روسی ٹینس اسٹار ماریا شارا پوا کو ایک امکانی شکست سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی جبکہ تیسراسیٹ تقریباً دو گھنٹے طویل رہا جہاں شارا پوا نے
10-8 کی کامیابی حاصل کی ۔ حالانکہ مقابلے کے دوران 40سے زائد ڈگری کی گرمی کی وجہ سے مقابلے کو کچھ دیرکیلئے روک دینا پڑا تھا ۔ دریں اثناء راجر فیڈرر نے بند میدان اور ایرکنڈیشن کے ماحول میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سلوانیا کے کھلاڑی بلیس کاویک کو 6-2‘ 6-1‘ 7-6(7-4) سے شکست دی ۔ فیڈرر نے حالانکہ ایک گھنٹہ 47منٹ میں ہی دوسرے راؤنڈ کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی لیکن تیسرے سیٹ میں فیڈرر کو حریف کھلاڑی کی جانب سے کھیلے جانے والے مسابقتی مظاہرہ کا سامنا رہا جہاں بلیس نے نہ صرف بہترین مظاہرہ کیا بلکہ تیسرے سیٹ کو ٹائی بریکر میں پہنچایا ۔ شارا پوا نے 44ویں مقام پر فائز اطالوی ٹینس اسٹار کارن کناپ کو 6-3 ‘ 4-6 ‘ 10-8سے شکست دیتے ہوئے ٹورنمنٹ میں حیران کن ناکامیوں کے سلسلہ میں اپنے نام کو درج ہونے سے محفوظ رکھ لیا۔ یہ مقابلہ تین گھنٹے 28منٹ طویل رہا اور اس طرح فرنچ اوپن 2012ء کے بعد شارا پوا کو ایک طویل ترین مقابلے میں خود کو شکست سے محفوظ رکھنے میں کافی جدوجہد کرنی پڑی ۔ کھلاڑیوں اور آج اُس وقت شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑاکیونکہ آج ملبورن کا درجہ حرارت 43.4درج کیا گیا تھا اور مقابلوں کو ملتوی کرنے کے علاوہ میدان پر موجود چھت کو بند کرتے ہوئے ایرکنڈیشنڈ ماحول فراہم کیا گیاتھا۔
سخت گرمی میں شارا پوا کی کامیابی کے بعد اسی میدان پر سرفہرست نڈال نے مقامی کھلاڑی کوکیناکس کو راست سیٹوں میں 6-2 ‘ 6-4 ‘ 6-2سے شکست دی۔جاپان کے نمبر ایک کھلاڑی کائی نشی کوری نے سربیاکے ڈسن لاجو ویک کو 6-1‘ 6-1‘7-6(7-3)سے شکست دیتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔خاتون زمرہ کے ایک اور مقابلہ میں کیرولین ووزنیاکی نے امریکی کی کرسٹینا مائیک ہالے کو ایک سخت مقابلے میں 6-0‘ 1-6‘ 6-2سے شکست دی ۔ دریں اثناء ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور ان کے پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی نے پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں رمیز جنید اور ایڈرین مناریو کو سخت مقابلے کے بعد 6-3 ‘ 4-6 ‘ 7-6(5) سے شکست دیتے ہوئے ڈبلز زمرے کے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ کامیابی کے بعد بوپنا نے کہا کہ انہوں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں ٹینس کھیلی ہے لیکن ایسی گرمی کہیں محسوس نہیںہوئی۔