ریاض: متحدہ عرب امارات کی شارجہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم سعودی اور اماراتی طالبات نے مشترکہ طور پر ایک روبوٹ تیار کیا ہے جو فصیح اور عامی عربی زبان میں گفتگو کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ اسی زبان میں شعر گوئی بھی کرسکتا ہے۔”حمود” نامی یہ منی روبوٹ اپنے گردوپیش ہونے والے واقعات کوعربی میں بیان کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے جو عرب طالبات کی ٹیکنالوجی کے میدان میں مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
روبوٹ کی تیاری میں شریک ایک سعودی طالبہ نورہ الحسن نے بتایا کہ نصف میٹر اونچے اس روبوٹ میں جدید کیمرے، سماعت کے آلات اور چھوٹے آٹو انجن استعمال کیے گئے ہیں۔ اسے ریمورٹ کنٹرول کی مدد سے آپریٹ جاتا ہے جو سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ روبوٹ فصیح اور عامی عربی میں بات کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے وہیں یہ عربی میں شعر گوئی اور آس پاس موجود لوگوں کی حرکات وسکنات کے مطابق ان سے بات کرنے کی خصوصیت رکھتا ہے۔
ایک دوسری انجینئر طالبہ بشائرالشہرانی نے اپنی منفرد ایجاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “روبورٹ کی تیاری نے ان کے سامنے ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید ترقی کے راستے کھول دیے ہیں۔
اس کامیابی سے انہیں ایسی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیںجن کی مدد سے اس نوعیت کی مزید ایجادات کی تیاری ممکن ہو سکے گی۔ آنسہ بشائر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے “حمود” روبوٹ میں فصیح ، عامی عربی زبان کے الفاظ، ذخیرہ اشعار، اساتذہ اور طلباء طالبات کے فون نمبر، ان کے بارے میں اہم نوعیت کی معلومات اور مہمانوں کے استقبال کے لیے خیر مقدمی کلمات فیڈ کیے ہیں۔ اب یہ روبوٹ تمام قومی عربی لہجوں میں بات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مستقبل قریب میں ہم “حمود” روبوٹ کو مزید ترقی دے کر بچوں کے امراض کے علاج کے لیے استعمال کریں گے۔