لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ٹھاکر گنج علاقہ کے گھنٹہ گھر کے سامنے واقع ایک دکان میں آگ لگ گئی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا لیکن بتایا جار ہا ہے کہ دکان میں رکھا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ مفتی گنج کے رہنے والا منا کی گھنٹہ گھر کے سامنے اودھ ورکشاپ نام سے دکان ہے۔ وہاں پر نصف حصہ میں گاڑیوں کی دھلائی ہوتی ہے اوربقیہ حصہ میں موٹر سائیکل کی سیٹ بنانے کا کام ہوتا تھا جس کی وجہ سے دکان میں بڑی مقدار میں ریکسین رکھی تھی۔ منگل کی شام تقریباً ۹ بجے شٹر کے نیچے سے دھواں نکلنے لگا۔ آس پاس موجود لوگوں نے اس بات کی اطلاع دکان مالک اور پولیس و فائر بریگیڈ کو دی۔ اطلاع ملتے ہی دکان مالک تو موقع پر پہنچ گئے لیکن جو شخص سیٹ بناتا تھا وہ نہیں پہنچا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سیٹ بنانے والا شخص نشہ میں اتنا بدمست تھا کہ اٹھانے پربھی وہ نہیں اٹھا۔ پڑوس کے دیگر دکانداروں نے اپنی دکان سے سارا سامان نکالا۔
موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے آگ پر قابو تو پا لیا لیکن دکان میں رکھا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی ۔