لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سروجنی نگر پولیس نے مکانوں اور دکانوں میں چوری کرنے والے ایک شاطر مجرم کوگرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کا خیال ہے ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مکانوں اور دکانوں کا شٹر کاٹنے کے بعد چوری کیا کرتے تھے اور چوری کا سامان کم قیمت میں بازار کے دکانداروںکو فروخت کیا کرتے تھے۔انسپکٹر سروجنی نگرکے مطابق پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گھروں و دکانوں میں چوری کرنے والا نوجوان گوری گاؤں میں ہے۔ اطلاع کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنا نام جے راج پوری مشرا کالونی کا باشندہ اشوک کشیپ بتایا۔ پولیس کے مطابق ۱۷؍مارچ کی شب گوری وہار کے باشندے سپاہی دھرم راج کے گھر سے چوری کا سامان اشوک کے گھر سے برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ اس چوری کے علاوہ اشوک نے مختلف چوری کی وارداتوں کو انجام دیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اشوک اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر چوری کی وارداتوں کوانجام دیتاتھا۔ پولیس نے اشوک کے دونوں ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ اشوک کے قبضہ سے لیپ ٹاپ، ایل سی ڈی کے علاوہ دیگر الیکٹرانک کا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔