واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شام کے اوپر پروازوں کو ممنوع قرار دینے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ایسی خبریں آئی تھی کہ وزیر خارجہ جان کیری نے عام شہریوں کے تحفظ کے لئے “نو فلائی زون” کی تجویز پیش کی تھی۔سی این این نے خبر دی ہے کہ کل قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں یہ خیال پیش کیا گیا تھا حالانکہ امریکی صدر براک اوباما نے یہ کہہ کر اسے مسترد کردیا کہ شام کے بحران کو حل کرنے کا واحد طریقہ ہے کہ صدر بشارالاسد کو ہٹادیا جائے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہم برابر اس بات پر تبادلہ خیال کررہے ہیں کہ اسلامی مملکت سے خصوصاً شام میں کس طرح نمٹا جائے ۔مگر ابھی عدم پرواز خطہ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ترکی کافی عرصہ سے شمالی شام میں عدم پرواز خطہ قرار دینے کے لئے زور دے رہا ہے تاکہ اسلامی مملکت اور کرد جنگجووں کو اس کی سرحد سے دور رکھا جائے اور خانما برباد ہونے والے عام شہری سرحد پار کرکے اس کے ملک میں داخل نہ ہوں۔