بیروت ، 04 جنوری (یو این آئی) شام کے دارالحکومت دمشق اور وسطی شہر حمص سے گذرنے والی گیس پائپ لائنوں میں زبردست دھماکہ ہوا اور دونوں شہروں میں بجلی کی سپلائی مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی ۔
ملک کے وزیر تیل سلیمان عباس نے حکومت مخالف باغی گروپ (فری سیرین آرمی ) کو اس حملے کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ مقامی میڈیا سے حاصل ٹی وی رپورٹ میں تیل کے پائپ لائنوں سے آگ کی اونچی اونچی لپٹوں کی تصویریں دکھائی جا رہی ہیں۔شام میں گزشتہ تین سال کے دوران باغیوں نے گیس پائپ لائنوں پر سب سے زیادہ حملے کئے ہیں اور پائپ لائنوں کو زبردست نقصان پہنچایا ہے ۔ اس حملے سے دارالحکومت دمشق سمیت بنیاس ، طرطوس اور سرحدی شہر حمص میں بجلی کی فراہمی میں رخنہ پڑا ہے۔