شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کے شام میں ترکی کی سرحد کے قریب واقع اہم قصبے کوبانی میں داخلے کے بعد اب شہر کی گلیوں میں کرد ملیشیا اور شدت پسندوں کے مابین شدید لڑائی ہو رہی ہے۔
دولتِ اسلامیہ کے شدت پسند پیر کو قصبے کے تین علاقوں پر قابض ہوگئے ہیں اور اب قصبے کے مشرقی حصے میں بلند مقامات اور عمارتوں پر تنظیم کا سیاہ پرچم لہرا رہا ہے۔
منگل کی صبح امریکی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے کوبانی میں شدت پسندوں پر مزید بمباری بھی کی ہے۔
کوبانی کا قصبہ گذشتہ تین ہفتے سے شدت پسندوں کے محاصرے میں تھا اور وہ مسلسل پیش قدمی کر رہے تھے۔
دولتِ اسلامیہ کے اس اہم قصبے پر قبضے کی صورت میں اسے شام اور ترکی کی سرحد کے ایک وسیع علاقے کا کنٹرول مل جائے گا۔
لڑائی میں تیزی آنے کے بعد قصبے میں اب بھی موجود عام شہریوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں کیونکہ ممکنہ قبضے کے بعد کوبانی میں دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں قتلِ عام کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اب تک ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ کرد یہ علاقہ چھوڑ کر نقل مکانی کر چکے ہیں۔
ترک سرحد پر موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ کوبانی پر جنگی طیاروں نے منگل کو بڑا فضائی حملہ بھی کیا جبکہ ترک فوج کے ٹینک بھی شہر کے باہر ایک پہاڑی پر بدستور موجود ہیں۔
اب تک ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ کرد کوبانی سے نقل مکانی کر چکے ہیں
کوبانی کے ایک سرکاری اہلکار ادریس نسان نے بی بی سی کو بتایا کہ تین اطراف سے گھرنے کے بعد ’قصبہ جلد ہی شدت پسندوں کے قبضے میں جا سکتا ہے۔‘
انھوں نے تصدیق کی کہ قصبے کے باہر واقع اہم پہاڑی مستینور پر شدت پسند قابض ہیں اور وہاں سے شدید گولہ باری کی جا رہی ہے۔
کوبانی میں موجود کرد سیاستدان آسیہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ اس وقت قصبے میں تین مقامات پر لڑائی جاری ہے۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’کوبانی کی گلیوں میں جنگ ہو رہی ہے۔ قصبے میں اب بھی ہزاروں عام افراد موجود ہیں اور دولتِ اسلامیہ بھاری ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ اگر انھیں ابھی نہیں روکا گیا تو بہت بڑا قتلِ عام ہوگا۔‘
آسیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے ٹینکوں نے قصبے کو گھیر لیا ہے:’ انھوں نے تقریباً ہر طرف سے ہمیں گھیرا ہوا ہے اور شہر پر بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کر رہے ہیں۔ کرد جنگجو اپنے محددو ہتھیاروں کی مدد سے جتنا ممکن ہے مقابلہ کر رہے ہیں‘۔
کوبانی کا قصبہ گذشتہ تین ہفتے سے شدت پسندوں کے محاصرے میں تھا
کوبانی میں کردوں کے ترجمان مصطفیٰ بالی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ عام شہریوں کو قصبہ خالی کرنے کو کہہ دیا گیا ہے اور پیر کو بھی دو ہزار افراد نے شہر چھوڑا۔
امریکی مرکزی کمان نے دولتِ اسلامیہ پر مزید فضائی حملوں کی تصدیق بھی کی ہے اور کہا ہے کہ قصبے کے جنوب میں دولتِ اسلامیہ کی دو پوزیشنز کو تباہ کیا گیا ہے تاہم آسیہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں فضائی حملے ’غیر موثر‘ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ان کے پاس بھاری ہتھیار اور ٹینک ہیں اس لیے ہماری مزاحمت محدود ہے اور ہمیں مزید فضائی حملوں کی ضرورت ہے۔‘
آسیہ کا کہنا تھا کہ ’باقی دنیا اس ممکنہ قتلِ عام کے بارے میں چپ سادھے ہوئے ہے۔‘
ترک شام سرحد کے قریب موجود بی بی سی کے نامہ نگار پال ایڈمز کا کہنا ہے کہ پیر کو دن بھر کوبانی سے فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں اور مکانات سے دھواں اٹھتا دکھائی دیتا رہا جبکہ اکا دکا دھماکے بھی ہوئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرد ملیشیا کوبانی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے لیکن یہ اب اس کہانی کے اختتامی مرحلے کا آغاز لگ رہا ہے۔