لندن، 21 دسمبر (یو این آئی) عالمی برادری کے لئے زبردست تشویش کا سبب بننے والے شام کے کیمیاوی ہتھیاروں کو تلف کرنے کے لئے اب برطانیہ نے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔برطانیہ کے خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفتر کے مطابق برطانیہ شام کے کیمیاوی ہتھیاروں کے ذخیروں میں سے 150 ٹن انڈسٹریل گریڈ کیمیکل کو تلف کرنے کے لئے راضی ہوگیا ہے۔ ان ہتھیاروں کو پہلے برطانیہ لایا جائے گا اور پھر کمرشیل سائٹ پر لے جاکر اسے تلف کیا جائے گا۔اس کے علاوہ برطانیہ کا جہاز ڈنمارک اور ناروے کے طیارہ بردار جہازوں کو کیمیکل لے جانے میں مدد فراہم کرے گا۔ برطانیہ اس کے ساتھ ہی انتہائی حساس کیمیاوی ہتھیاروں کو تلف کرنے سے پہلے ہائیڈروسلس کے عمل میں امریکہ کی مدد کرے گا۔