لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار ایم خان نے ٹی ٹوینٹی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کی ناقص کارکردگی کے باوجود اس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ ٹی ٹوینٹی 2016ء تک وہی کپتان رہیں گے اور قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کو بے شمار فتوحات دلائی ہیں اور وہ اب بھی میچ ونر کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شاہد آفریدی ان دنوں اچھی پرفارمنس نہیں دے رہے اور ڈومیسٹک ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں انہوں نے صرف پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہ چار میچوں میں 35 سکور بنا سکے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اچھی پرفارمنس نہ ہونے کے باوجود آفریدی ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرہ ہونگے۔