ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان اور پرینکا چوپڑا جہاں بہترین اداکاری کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہوتے رہے ہیں تو وہیں انہیں اس بار بدترین اداکاری کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ہالی ووڈ کے ’’راسپ بیریز‘‘ کی طرز پر بالی ووڈ میں سب سے خراب فلموں اور اداکاری کے لیے ’’گھنٹہ ایوارڈ‘‘ دیا جاتا ہے جسے پہلے’’کیلا ایوارڈ‘‘ کہا جاتا تھا، رواں سال اس ایوارڈ کے لئے اداکاروں کی کیٹیگری میں شاہ رخ خان کو ’’چنائی ایکسپریس‘‘، اکشے کمار کو ’’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ اور راج ببر کے صاحبزادے پرتیک ببر کو فلم ’’ایسک‘‘ میں خراب اداکاری کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ اداکاراؤں کی کیٹیگری میں ادکارہ پرینکا چوپڑا کو فلم ’’زنجیر‘‘، سوناکشی سنہا کو فلم ’’بلیٹ راجا‘‘ کے لیے جبکہ کنگنا راناوت کو فلم ’’رجّو‘‘ کے لیے نامزد کیا گٓا ہے۔بدترین معاون اداکارؤں میں ’’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ کے لیے عمران خان، ’’سونا سپا‘‘ اور ’’جیک پاٹ‘‘ کے لیے نصیرالدین شاہ اور ’’دھوم تھری‘‘ کے لیے ابھیشک بچن کے نام نامزد کئے گئے ہیں، پریانکا چوپڑہ بدترین معاون اداکارہ کے لیے بھی نامزد ہیں جبکہ ان کے علاوہ ’’ریس ٹو‘، ’’شارٹ کٹ رومیو‘‘ کے لیے امیشا پاٹیل اور ’’بھاگ ملکھا بھاگ‘‘ کے لیے سونم کپور نامزد ہیں۔بدترین فلموں کے لیے ’’بے شرم‘‘، ’’آر راج کمار‘‘ اور ’’ہمت والا‘‘ کے نام شامل ہیں جبکہ بدترین ہدایت کار کے لیے ’’چنائی ایکسپریس‘‘ کے روہت شیٹی، ’’ہمت والا‘‘ کے ساجد خان اور رام گوپال ورما کے نام سامنے آئے ہیں۔ بدترین جوڑی کے لیے ہریتھک روشن اور کنگنا راناوت کی جوڑی، ’’بے شرم‘‘ میں رنبیر کپور اور پلوی شاردا کی جوڑی اور ’’دھوم تھری‘‘ میں عامر خان اور کترینہ کیف کی جوڑی نامزد کی گئی ہے۔منتظمین کے مطابق 13 مختلف زمروں میں دیئے جانے والے ایوارڈ کا فیصلہ آن لائن ووٹنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا جب کہ نتائج کا اعلان 14 مارچ کو کیا جائے گا۔