میرٹھ:اتر پردیش میں شدید کہرے اور سردی نے معمولات زندگی کو بے حد متاثر کیا ہے ۔میرٹھ سمیت مغربی اتر پردیش میں لوگ شدید سردی سے بے حال ہیں۔
پورے علاقے میں سردی اور کہرے کی وجہ سے شاہ راہوں پر گاڑیاں سست رفتاری سے چل رہی ہیں تو دوسری جانب ٹرینوں کی رفتار پر بھی اس کا اثر ہواہے ۔طویل دوری کی ٹرینیں آج بھی گھنٹوں کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ٹرینوں کے دیر سے آنے سے مسافروں کو اسٹیشن پر ہی انتظار کرنے پڑ رہا ہے ۔
سرد ہواؤں سے لوگوں کو مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مغربی اتر پردیش کے زیادہ تر علاقوں میں شدید کہرے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام معمول کا حصہ بن گیا ہے اور ٹرینیں بھی تین سے 12 گھنٹے کی دیری سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں میرٹھ کا کم سے کم درجہ حرارت 4.5ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جو معمول سے تین ڈگری کم تھا۔آئندہ ایک دو دنوں میں شدید سردی لوگوں کو گھروں میں بند رہنے پر مجبور کرسکتی ہے ۔