مصرمیں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اسکندریہ شہر کی ایک تاریخی جامع مسجد ’ ابن خلدون‘ کا مینار مسجد پرآگرا جس کے نتیجے میں مینار کے ساتھ مسجد کا ایک حصہ بھی شہید ہو گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسکندریہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ڈائریکٹر الشیخ محمد لطفی نے بتایا کہ جامع مسجد ابن خلدون کا ایک مینار خراب موسم کے باعث مسجد پر آگرا جس کے نتیجے میں مسجد کا کچھ حصہ اور اس کے صحن میں بنا ایک سائبان بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم حادثے کے نتیجے میں کسی
قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسجد میں کوئی نمازی یا مسجد کی منتظم کمیٹی کا کوئی رکن موجود نہیں تھا۔
مینار کے منہدم ہونے کی اطلاع ملتے ہی ماہرین کی ایک ٹیم جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہے جو مینا اور مسجد کے متاثرہ حصے کی تعمیر نو اورمرمت کے لیے ایک رپورٹ تیار کرے گی۔
ادھراسکندریہ میں محکمہ صحت کے شعبہ حادثات کے ڈائریکٹر عمرو سلیمان نے بھی مسجد کے مینار کے گرنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اطلاع ملتے ہی ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی تھیں تاہم حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے دو روز سے مصر، فلسطین اور مشرق وسطیٰ کے دوسرے ممالک کو شدید سردی نے اپنے لپیٹ میں رکھا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں تازہ بارشوں، تیز ہوائوں اور بالائی علاقوں میں برف باری سے کئی ملکوں نظام زندگی بری طرح متاثر ہواہے۔ مصری محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز اسکندریہ میں چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کا یہ سلسلہ مزید کئی روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔