لکھنو: نگرام علاقہ میں جمعرات کو چھوٹی سی بات پر برادر نسبتیو ں نے بہنوئی کا بے رحمی سے قتل کر دیا۔ بہنوئی برادر نسبتی سے اپنا محنتانہ مانگنے گیا تھا جہاں دونوں کے درمیان کہا سنی ہونے لگی۔ پہلے تو بہنوئی نے برادر نسبتی کی ڈنڈے سے پٹائی کر دی اس کے بعد دوسرے برادر نسبتی نے بھائی کو زخمی دیکھ کر بہنوئی کو ڈنڈے سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مار پیٹ میں متوفی کا برادر نسبتی بھی شدید طور پر زخمی ہوا ہے جسے سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ حالانکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے اور وہ نشہ میں بد مست تھا۔ نگرام کے بہرولی گاو¿ں کے رہنے والے رام چندر سونی (۵۰) گھر پر ہی جنرل اسٹور کی دکان چلاتے تھے اس کے ساتھ اس کے دو برادر نسبتی شیو کمار اور دلیپ بھی رہتے تھے۔ شیو کمار کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی جس کے سبب وہ نشہ کا عادی ہو گیا تھا جبکہ بڑا بھائی دلیپ کسان تھا۔ کچھ دن پہلے دلیپ نے بھنڈارے کا اہتمام کیا تھا۔ بھنڈارے میں رام چند رنے کھانا پکایا تھا۔ جمعرات کی شام کو رام چندر اپنی مزدوری مانگنے دلیپ کے پاس گیا تھا جہاں روپئے کے لین دین کے سلسلہ میں بہنوئی اور برادر نسبتی میں مار پیٹ ہو گئی۔ رام چندر نے ڈنڈے سے دلیپ کو لہو لہان کر دیا۔ بھائی دلیپ کو لہولہان دیکھ کر اس کے چھوٹے بھائی شیو کمار کاخون کھول گیا اور اس نے بہنوئی رام چندر کو راستہ میں گھیر کر ڈنڈوں سے پیٹنا شروع کر دیا۔ سر پر چوٹ لگنے سے رام چندر کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واردات انجام دینے کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیسے کے لین دین میں مار پیٹ ہوئی تھی جس میں چوٹ لگنے سے بزرگ کی موت ہو گئی۔ ملزم کے خلاف معاملہ درج کر کے اس کی تلاش کی جا رہی ہے حالانکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شیو کمار کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے اور وہ واردات کے وقت نشہ میں بدمست تھا۔