نیویارک: روس کی ٹینس اسٹار ماریا شرا پووا ٹانگ میں انجری کے سبب سال کے آخری گرینڈ سلیم ٹائٹل یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں ہیں۔ روسی ٹینس اسٹار کی دائیں ٹانگ میں چوٹ لگی ہے، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں ماریا شرا پووا کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ وہ اس سال یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی، اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ انہوں نے انجری سے بحال ہونے کی ہرممکن کوشش کی، لیکن ٹورنامنٹ سے قبل 100 فیصد فٹ ہونے کے لیے شاید اتنا وقت نہیں بچا۔
ماریا شرا پووا کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اگلے ٹورنامنٹ میں نظر آئیں گی۔ ان کے باہر ہونے کے بعد اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ ٹاپ سیڈڈ سیرینا ولیمز یہ یو ایس اوپن ٹورنامنٹ جیت لیں گی۔