لاہور: بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور گلوکارہ بن گئیں اورانھوں نے فلم حیدر کے لیے گانا ریکارڈ کرایا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شردھا کپور نے اپنی آنے والی نئی ایکشن اور سسپنس سے بھرپور فلم حیدر کے لیے اپنی آواز میں کشمیری فوک گانا ریکارڈ کروایا۔ اس فلم میں شردھا کپور ایک کشمیری لڑکی کا کردارادا کریں گی۔ کردار کی مناسبت سے انھوں نے کشمیری زبان میں یہ گانا ریکارڈ کروایا۔واضح ہے کہ فلم حیدر کی کہانی شیکسپیئر کے ناول ہیملٹ سے ماخود ہے۔ مذکررہ فلم 2 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔دوسری جانب بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ نے انھیں ذہنی طور پر پختہ کرنے میں مدد دی ہے۔اپنے حالیہ انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ان کی ذہنی پختگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کی اہم وجہ فلم ’’ حیدر‘‘ میں کام کرنا ہے‘ فلم ’’ حیدر‘‘ میں ان کا کردار منفرد اور چیلجنگ نوعیت کا ہے‘ ان کو اس کردار کو اداکرنے میں بے حد محنت کرنا پڑی فلم کا اسکرپٹ معیاری ہے۔ بعض فلمیں ایسی ہوتی ہیں جن سے بطور اداکار آپ کو بڑھنے میں مدد ملتی ہے یہ ویسی طرز کی فلم ہے۔اداکار شاہد کپور نے کہا کہ وہ اور وشال بھروواج 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ کمینے‘‘ میں کام کر چکے ہیں یہ فلم سپرہٹ رہی۔ وہ امید کرتے ہیں کہ نئی فلم ’’ حیدر‘‘ بھی مداحوں کی توجہ کامرکز بنے گی۔ شاہد کپور نے مزید کہا کہ ہدایتکار وشال بھردواج ان کے لیے خوش قسمتی کی علامت ہیں۔ انھوں نے جب بھی وشال بھردواج کے ساتھ کام کیا ہے فلم سپرہٹ ثابت ہوئی اور ان کی فنکارانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوا۔