نئی دہلی۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے جلاوطن صدر این شری نواسن نے بورڈ کے انتخابات کی اجازت دینے کی درخواست کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے کہا کہ وہ آئی پی ایل کے تمام معاملات سے دور رہیں گے۔ جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر کی صدارت والی پیٹھ کے سامنے شری نواسن کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ ان کا موکل یہ یقین دہانی دیتا ہے کہ وہ مجوزہ کمیٹی سے کلین چٹ ملنے تک آئی پی ایل کے تمام معاملات سے خود کو الگ رکھے گا۔لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے مدگل کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر شری نواسن کے مفادات کے ٹکراؤ اور سزا کے سلسلے میں کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کی مخالفت کی۔ بورڈ کی جانب سے سینئر وکیل سی اے سندرم نے کہا کہ اس سے اس کی خود مختاری متاثر ہوگی اور اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ، اگر ضروری ہو تو، بورڈ کے آپریشن منڈل کو ہی لینا چاہئے۔سپریم کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی کے واقعات کی وجہ سے کرکٹ کی ہو رہی فضیحت پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ججوں نے کہااگر اس کھیل میں عوام کے اعتماد کو برقرار نہیں رکھا گیا تو کرکٹ کا کھیل کلچر متاثر گا۔