ششانک منوہر اس سے قبل وہ سنہ 2008 سے 2011 کے درمیان صدر تھے
بھارت میں کرکٹ کے ادارے بی سی سی آئی نے ششناک منوہر کو بغیر کسی مخالفت کے اتفاق رائے سے نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ انھیں بی سی سی آئی کا دوسری بار صدر منتخب کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انھیں سنہ 2017 تک کے لیے صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ سنہ 2008 سے 2011 کے درمیان صدر تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ان کے نام کا اعلان اتوار کو بھارت کے شہر ممبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہنگامی اجلاس کے بعد کیا گيا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ انھیں بھارت کے تمام علاقائی بورڈ نے صدر کے لیے نامزد کیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق صدر جگموہن ڈالمیا کی اچانک موت کے بعد صدارت کا عہدہ خالی ہونے کے بعد یہ انتخابات ناگزیر ہو گئے تھے۔
ششانک منوہر واحد شخص تھے جنھوں نے عہدے کے لیے نامزدگی داخل کی تھی اور یہی خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ صدر منتخب ہو جائيں گے۔
اس سے قبل ان کے پہلے دور کا اختتام این سری نواسن کے صدر بننے کے ساتھ ہوا تھا۔
نامہ نگاروں کے مطابق ان کا دوسرا دور بھارتی کرکٹ کے لیے نیا دور ہوگا کیونکہ حالیہ دنوں بھارتی کرکٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بدعنوانیوں کے مسائل سے دو چار نظر آیا تھا۔
رواں سال مارچ کے مہینے میں سری نواسن کو آئی پی ایل کے سکینڈل میں ان کے داماد کے شامل ہونے کے الزامات کے بعد بی سی سی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا اور ان کی جگہ جگموہن ڈالمیا کو صدر منتخب کیا گیا تھا۔