بغداد؛ عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ نوری مالکی نے ایک غیر ملکی انجینیر کو ملک سے باہر نکالنے کا حکم دے دیا ہے کیونکہ اس نے پرچم حسینی کو پھاڑ دیا تھا۔ شعائر حسینی کی بے حرمتی کرنے والا یہ بیرونی انجینیر بصرہ میں الرمیلہ آئيل فیلڈ میں کام کرتا ہے۔ ادھر عراقی پارلیمنٹ کے رکن حسین شریفی نے کہا ہے کہ بعض سیاسی رہنما ملک میں فرقہ واریت کو ہوادے رہے ہیں۔
الاحرار کمیشن کے رکن حسین شریفی نے کہا کہ بعض سیاسی شخصیتیں انتخابات سے قبل مذہبی فتنے پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں مذہبی فتنوں کا مقصد عوام کے جذبات بھڑکا کر انتخابات کے لئے فائدہ اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عراق میں فرقہ واریت کا بیج بویا ہے جس میں ہزاروں شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔